مریم نواز کا پتنگ بازی کے سامان کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کے سامان کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا نوٹس لے لیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کے سامان کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلال یاسین کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سیف بسنت کے حوالے سے انتظامات بارے بریفنگ دی۔

دوران اجلاس صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پتنگ بازی کے سامان کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا اور ہمیں ہدایات دیں، پنجاب کے 4 اضلاع سے پتنگ بازی کا زیادہ سے زیادہ سامان فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ملتان کی انتظامیہ کو اس حوالے سے ہدایات دی جا چکی ہیں، چاروں اضلاع میں دستیاب پتنگ بازی کا سامان ایک دن میں لاہور پہنچ جائے گا، وافر مقدار میں سامان کی دستیابی سے قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: گڈے، پتنگیں اور ڈور کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں؟

بلال یاسین نے کہا کہ بسنت کو "سیف بسنت" بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے لوگوں کی خوشیاں واپس لانے کیلئے محفوظ بسنت کا تحفہ دیا، حکومت پنجاب نے مختصر وقت میں بسنت کے انتظامات یقینی بنائے، 7،6 اور 8 فروری کو سیف بسنت کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز اپنا کردار ادا کریں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے لاہور کے بعد قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ملتان میں پتنگ بازی کا سامان بنانے کی اجازت دی، چاروں شہروں میں رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف لاہور میں رجسٹرڈ ٹریڈرز یا سیلرز کو پتنگیں اور ڈور فروخت کریں گے۔

سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن و دیگر بھی شریک تھے۔