پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بلوچستان کے اضلاع ہرنائی اور پنجگور میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہرنائی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی جس کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا کہ ہرنائی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سپانسرڈ 30 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے، ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا،برآمد شدہ اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور میں دوسرے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 11 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئے، پنجگور آپریشن میں دہشت گردوں کا خفیہ ٹھکانہ بے نقاب ہوا جہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کیچ میں کالعدم بی ایل اے کے کارندوں کے ہاتھوں خاتون اغوا
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 15 دسمبر 2025 کی بینک ڈکیتی کی لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی، ہلاک دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بغیر کسی وقفے کے جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے “عزمِ استحکام” کے تحت نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے،سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے اضلاع ہرنائی اور پنجگور میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 41 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
اس کو بھی پڑھیں: پرویز خٹک کی گاڑی کو موٹر وے پر حادثہ، معمولی چوٹیں آئیں
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ، ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پُر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کر کے 41 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، آپریشنز میں حصہ لینے والے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سکیورٹی فورسز نے 41 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔