صحت کارڈ کی مفت سہولت دوبارہ کرنے کا فیصلہ
Federal Health Card Program
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے شہریوں کیلئے ایک بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی صحت سہولت پروگرام کے تحت صحت کارڈ کی مفت سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس فیصلے کے تحت اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مستقل رہائشی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے، جس سے لاکھوں خاندانوں کو معیاری اور بلا معاوضہ طبی علاج میسر آئے گا۔

وفاقی صحت سہولت پروگرام سے متعلق اسٹیٹ لائف انشورنس کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا کہ مذکورہ علاقوں کے مستقل باشندے صحت کارڈ کے ذریعے علاج کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

اس مقصد کیلئے اسٹیٹ لائف نے صحت سہولت پروگرام سے منسلک تمام پینل اسپتالوں کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مراسلے کے مطابق صحت کارڈ 16 جنوری سے فعال ہو جائیں گے، جبکہ پینل اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنے ہیلتھ ڈیسک قائم کریں۔ اس اقدام کا مقصد مریضوں کو فوری رہنمائی اور سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ علاج کے عمل میں تاخیر نہ ہو۔

اسٹیٹ لائف کی جانب سے واضح کیا گیا کہ مستحق اور اہل افراد کو بلا تعطل علاج کی سہولیات دی جائیں گی، علاج کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے پینل اسپتالوں کا باقاعدہ معائنہ بھی کیا جائے گا، جبکہ حکام نے اسپتال انتظامیہ سے مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سوئی ناردرن کو میٹریل کی قلت کا سامنا، 50 ہزار کنکشن نہ لگ سکے

واضح رہے کہ وفاقی صحت سہولت پروگرام کے تحت جاری صحت کارڈ جون 2027 تک مؤثر رہے گا، جس سے طویل مدت تک عوام کو فائدہ حاصل ہوگا، اس پروگرام کا بنیادی مقصد شہریوں کو معیاری، بروقت اور مفت طبی سہولت فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھی آزاد کشمیر بھر میں 20 جنوری سے قبل صحت کارڈ کی بحالی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد عوام میں اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔