سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی میں صنعتوں کیلئے گیس کی فراہمی آج صبح 8 بجے سے پیر کی صبح 8 بجے تک بند رہے گی، جس کا دورانیہ مجموعی طور پر 24 گھنٹے ہوگا۔
انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ موسمِ سرما کے دوران گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کیا گیا تاکہ گھریلو اور کمرشل صارفین کو بہتر گیس پریشر فراہم کیا جا سکے۔
ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ ادارہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے، اگر اس دوران کسی گھریلو صارف کو گیس پریشر میں کمی یا دیگر مسائل کا سامنا ہو تو وہ آپریشنل ہیلپ لائن 1199 پر شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
سوئی سدرن کے مطابق حسبِ معمول گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت گھریلو اور کمرشل صارفین کو رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس کی فراہمی معطل رہتی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ رات ساڑھے 9 بجے سے صبح ساڑھے 5 بجے تک گیس کی لوڈ مینجمنٹ اس لیے کی جاتی ہے تاکہ دن کے اوقات میں صارفین کو بہتر پریشر فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:مختلف علاقوں میں بارش اور دھند، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
دوسری جانب کراچی میں بجلی کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بھی برقرار ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ 4 سے 10 گھنٹے تک بجلی کی بندش رپورٹ کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کمپنی کے 70 فیصد فیڈرز لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں جبکہ باقی 30 فیصد فیڈرز پر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔