وزیر تعلیم رانا سکندر کی چھٹیوں میں اضافے کی افواہوں کی تردید
پنجاب حکومت
پنجاب حکومت نے تعلیمی اداورں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں کی تردید کی/فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے تعلیمی اداورں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں کی تردید کر دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں اضافے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تمام سکولز، کالجز اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہی کھلیں گے، تمام تعلیمی ادارے 12 جنوری سے ہی کھلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: رانا سکندر حیات کا سہیل آفریدی کو اپنے حلقے میں جلسے کا چیلنج

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کی توسیع کے حوالے سے وائرل نوٹیفکیشن جعلی ہے، محکمہ تعلیم کی جانب سے چھٹیوں میں اضافے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں توسیع نہیں کی جا رہی۔

یاد رہے کہ پنجاب ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے سردیوں کی تعطیلات 22 دسمبر 2025 سے 10 جنوری 2026 تک ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

تاہم رپورٹ کے مطابق بعض نجی تعلیمی اداروں نے اس نوٹیفکیشن پر عمل نہ کیا اور طلبہ کو واٹس ایپ کے ذریعے ہدایت دی کہ وہ 6 جنوری 2026 سے کلاسز دوبارہ شروع کریں۔

والدین اور تعلیمی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام نجی ادارے سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹیوں کے دورانیے کی پابندی کریں تاکہ طلبہ اور والدین میں کسی قسم کی الجھن نہ پیدا ہو۔