ہائیکورٹ: دوران ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے موبائل استعمال پر پابندی
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کے حکم پر لاہور ہائیکورٹ میں سکیورٹی انتظامات سخت کردئیے گئے/ فائل فوٹو
January, 9 2026
(ویب ڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کے حکم پر لاہور ہائیکورٹ میں سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کردئیے گئے اور ہائیکورٹ میں تعینات اہلکاروں کے دوران ڈیوٹی موبائل کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ ، دیگر داخلی راستوں پر اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی سکیورٹی نے سکیورٹی انتظامات فول پروف بنانے کیلئے چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کے احکامات پر عمل درآمد شروع کر دیا اور وہاں تعینات اہلکاروں کے دوران ڈیوٹی موبائل فونز کے استعمال پر پابندی لگا دی، ڈیوٹی کے دوران اہلکاروں کے موبائل فونز متعلقہ آفیسر کو جمع کروا دئیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے گاڑیوں کی بائیومیٹرک تصدیق کا عمل مزید آسان بنا دیا
چیف جسٹس کے حکم پر ہائیکورٹ داخل ہونے والی ہر گاڑی کی مکمل سر چنگ کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں اور داخل ہونے والے ہر شخص کی بھی مکمل جامہ تلاشی لی جائے گی، اس معاملہ پر وکلا نے بھی سکیورٹی اہلکاروں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروادی۔