سرکاری نوکری کیلئے عمر کی بالائی حد میں اضافہ
AJK government jobs age limit
فائل فوٹو
مظفر آباد: (ویب ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر حکومت نے سرکاری نوکری کے خواہشمند افراد کیلئے ایک اہم اور خوش آئند فیصلہ کر لیا، جس کے تحت سرکاری ملازمتوں کیلئے عمر کی بالائی حد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

حکومت کے اس اقدام سے ہزاروں امیدواروں کو براہِ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جو محض عمر کی ایک سال کی حد کی وجہ سے سرکاری نوکری کیلئے نااہل قرار پا رہے تھے۔

حکومتی فیصلے کے مطابق اب آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمت کیلئے امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 41 سال مقرر کر دی گئی ہے۔

ذہن نشین رہے کہ اس سے قبل یہ حد 40 سال تھی، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سرکاری ملازمتوں کیلئے عمر کی حد میں ایک سال کی خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر اب باضابطہ طور پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔

وزیراعظم کے اعلان کی روشنی میں اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی عمر کی حد فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ہونڈا سی ڈی 70 کی نئی قیمتوں کا اعلان

 

 

حکومتی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق تمام متعلقہ سرکاری محکموں میں ہونے والی بھرتیوں پر ہوگا، جس سے ملازمت کے مواقع مزید وسیع ہو جائیں گے۔

عوامی حلقوں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں نوجوانوں اور تجربہ کار افراد کیلئے سرکاری نوکریاں ایک اہم سہارا ہیں، عمر کی حد میں اضافے سے وہ افراد بھی دوبارہ مقابلے میں آ سکیں گے جو طویل عرصے سے ملازمت کے منتظر تھے۔

اس فیصلے سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ سرکاری اداروں کو تجربہ کار اور اہل افراد کی خدمات بھی حاصل ہوں گی، امیدواروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بھی عوامی سہولت کے ایسے فیصلے جاری رکھے جائیں تاکہ نوجوانوں کا اعتماد مزید بحال ہو سکے۔