جو کارکردگی دیکھائے گا وہی پی آئی اے میں رہے گا: عارف حبیب
حال ہی میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے والے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا ہے کہ ملازمین کو واضح پیغام ہے جو کارکردگی دیکھائے گا وہی پی آئی اے میں رہے گا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) حال ہی میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے والے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا ہے کہ ملازمین کو واضح پیغام ہے جو کارکردگی دیکھائے گا وہی پی آئی اے میں رہے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو منافع بخش ایئرلائن بنانا اولین ترجیح ہے، پی آئی اے کے ملازمین کو تحفظ دیں گے، پی آئی اے ملازمین کی وجہ سے ہی دنیا کی کامیاب ترین ایئرلائن بنی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کو واضح پیغام ہے ملازمت کے مستقبل کا دارومدار کارکردگی پر ہو گا، جو کارکردگی دیکھائے گا وہی پی آئی اے میں رہے گا، معاہدے کے تحت پی آئی اے کا نام تبدیل نہیں کر سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: عارف حبیب گروپ نے پی آئی اے کو خرید لیا

عارف حبیب کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ چالیس لاکھ پاکستانی بیرون ملک رہتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں اور پاکستان میں ان کے اہل خانہ کی تعداد 7 کروڑ سے زیادہ بنتی ہے، 7 کروڑ پاکستانی ایئرلائن کا استعمال کرتے ہیں، کوشش ہوگی پاکستانی صرف پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو حج اور عمرہ کے حوالے سے ترجیح حاصل ہے، نیا ناظم آباد کی طرح پی آئی اے میں بھی کھیلوں کو فروغ دینا ترجیح ہے، پی آئی اے میں کھیلوں کی بحالی میں وقت لگے گا۔

اس کو بھی پڑھیں: عارف حبیب کا طیاروں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی کا نیا ناظم آباد کو اسکول کرکٹ کے لئے منتخب کرنا خوش آئند ہے، نیا ناظم آباد میں کرکٹ، بیڈمنٹن، سوئمنگ اور ٹیبل ٹینس، فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کی سہولتیں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ پی آئی اے کے شیئرز خریدنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران عارف حبیب نے اعلان کیا تھا کہ اس وقت پی آئی اے فلیٹ میں 18سے 19 جہاز ہیں جن میں سے 13 سے 14 آپریشنل ہیں، پہلے فیز میں جہازوں کی تعداد بڑھا کر 38 اور پھر 65 تک لے کر جائیں گے، پھر ڈیمانڈ کے مطابق تعداد کا تعین کریں گے۔

یہ بھی دیکھیں: حکومت پی آئی اے کی فروخت سے مطمئن ہے، خواجہ آصف

ان کا مزید کہنا تھا کہ ائیر لائن کے ملازمین کو اعتماد دیں گے، ملازمین کے تجربے کا پورا پورا فائدہ اٹھائیں گے، ائیر لائن کو مزید وسعت دیں گے تو ملازمتوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔