عارف حبیب کا طیاروں کی تعداد میں اضافے کا اعلان
معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے پی آئی اے کو خریدنے کے بعد طیاروں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے پی آئی اے کو خریدنے کے بعد طیاروں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کردیا۔

قومی ایئرلائن کی نجکاری کے دوران کامیاب بولی دے عارف حبیب گروپ نے پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خرید لیے۔

نجکاری کا عمل مکمل ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عارف حبیب کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے اچھے دن دیکھے ہیں، آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے، ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پی آئی اے فلیٹ میں 18سے 19 جہاز ہیں جن میں سے 13 سے 14 آپریشنل ہیں، پہلے فیز میں جہازوں کی تعداد بڑھا کر 38 اور پھر 65 تک لے کر جائیں گے، پھر ڈیمانڈ کے مطابق تعداد کا تعین کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ائیر لائن کے ملازمین کو اعتماد دیں گے، ملازمین کے تجربے کا پورا پورا فائدہ اٹھائیں گے، ائیر لائن کو مزید وسعت دیں گے تو ملازمتوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل ہو چکا ہے، عارف حبیب کنسورشیم اپریل 2026 تک مینجمنٹ کنٹرول سنبھال لے گا، تین ماہ کے دوران پی آئی اے نئی انتظامیہ کو ٹرانسفر کرنے کا عمل مکمل کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: عارف حبیب گروپ نے پی آئی اے کو خرید لیا

وزیراعظم شہبازشریف کی پی آئی اے نے نجکاری پرقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کی نجکاری کا وعدہ پورا ہو رہا ہے ، نجکاری سے معیشت مزید مستحکم ہو گی، پی آئی کی نجکاری سےسرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔

محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار،فیلڈمارشل عاصم منیراوراداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، نجی شعبےکےساتھ مل کر ترقی اور عوامی فلاح کیلئے پرعزم ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سےغیرملکی سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا، حکومت چاہتی ہے تمام ادارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں، ملکی سرمایہ کاروں کانجکاری کے عمل میں آگے آناخوش آئندہے، شعبہ کان کنی میں بھی سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری شفاف طریقے سے ہوئی، آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، چیئرمین نجکاری کمیشن اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پی آئی اے کا 135 ارب روپے میں بکنا ملکی معیشت پر بڑھتا اعتماد ہے، حکومت سرکاری تحویل میں کاروباری اداروں کی نجکاری سے کھربوں روپے کے نقصان سے نجات حاصل کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری سے معیشت کی بحالی کا عمل بھی تیز ہو گا، نجکاری مبارک ہو، آج کی ٹرانزیکشن مزید کامیابیوں کی نوید ہے۔