پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے 18ویں نیشنل بلوچستان ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں بلوچستان کی سماجی ، سیاسی اور معاشی ترقی اور اسٹریٹجک اہمیت پر غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے عوام کی استقامت اور حب الوطنی کو سراہا اور پاکستان کی خوشحالی و ترقی کے لیے بلوچستان کی کلیدی اہمیت کو اجاگر کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے عوامی فلاح پر مبنی نقطۂ نظر پر زور دیا۔
آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے، منفی پراپیگنڈے کو مسترد کرنا ہو گا، بھارت کے حمایت یافتہ عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، سکیورٹی فورسز دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں و سہولتکاروں سے بغیر رعایت نمٹا جائیگا، فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی علاقائی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو گا، ملکی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہیں ، صوبے کو دہشت گردی اور بدامنی سے پاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نشست کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شرکاء کے ساتھ سوال و جواب سیشن بھی ہوا۔