کراچی بورڈ نے انٹر پارٹ اوّل کے نتائج کا اعلان کر دیا
Inter Part I result
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) انٹرمیڈیٹ پارٹ اوّل سائنس جنرل گروپ کے امتحانات کے نتائج باضابطہ طور پر جاری کر دیے گئے ہیں۔
 
 بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے مطابق، مجموعی طور پر 9,678 امیدوار تمام چھ پرچوں میں کامیاب قرار پائے، یہ نتائج ان طلبہ کی کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں جنہوں نے سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں شرکت کی۔
طلبہ اپنا انٹر پارٹ اوّل سائنس جنرل گروپ کا نتیجہ درج ذیل لنک پر چیک کر سکتے ہیں:
https://www.biek.edu.pk/results.asp
انٹر پارٹ اوّل سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں مجموعی طور پر 18,813 طلبہ نے شرکت کی جبکہ 19,212 امیدواروں نے امتحانات کے لیے رجسٹریشن کروائی تھی جو اس سال طلبہ کی بھرپور دلچسپی
کو ظاہر کرتا ہے۔
کراچی انٹر بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار ریاضی کے پرچے کی جانچ ای مارکنگ سسٹم کے ذریعے کی گئی، انٹر بورڈ کے چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے تصدیق کی کہ پرچہ جدید ڈیجیٹل طریقۂ کار کے تحت چیک کیا گیا۔
فقیر محمد لاکھو کا کہنا تھا کہ ای مارکنگ کے استعمال سے شفافیت کو یقینی بنایا گیا اور جانچ کے عمل کے مجموعی معیار میں بہتری آئی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تشخیصی طریقوں کو اپنانا امتحانی نظام پر اعتماد کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔