محمود اچکزئی کی پی ٹی آئی قیادت کو آخری وارننگ
متحدہ اپوزیشن کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور پی ٹی آئی قیادت کے درمیان تنازع سامنے آگیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) متحدہ اپوزیشن کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور پی ٹی آئی قیادت کے درمیان تنازع سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق سینئر رہنما تحریک انصاف اسد قیصر سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی ون آن ملاقات کی اندرونی کہانی سنو نیوز سامنے لے آیا۔

پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ اسد قیصر سے ملاقات میں محمود خان اچکزئی نے شکوہ کیا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف ٹرولنگ کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر میرے خلاف جاری ٹرولنگ کا سلسلہ نہ رکا تو مجھے کنارہ کش ہونا پڑے گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے اسد قیصر کو معاملے کے حل کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا ، بعدازاں اسد قیصر نے رات گئے پارٹی قیادت سے رابطہ کیا اور سوشل میڈیا پر فوری محمود خان اچکزئی کی خلاف منفی پراپیگنڈا کرنے والوں کو روکنے کی ہدایات کیں۔

یہ بھی پڑھیں: اس بار احتجاج کیلئے پوری تیاری ہے، شفیع جان

اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر نے بھی معاملے پر قیادت سے شدید ناراضگی کا اظہار کیا جبکہ قیادت نے سوشل میڈیا پر پیغامات روکنے سے بھی ہاتھ کھڑے کر دیئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اندر گروپنگ کی وجہ سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کا مستقبل بھی داؤ پر لگ گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ احتجاجی تحریک شروع نہ کرنے کے اعلان پر محمود خان اچکزئی کے خلاف سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔