آئل ٹینکر اور گاڑی کی ٹکر سے 9 افراد جاں بحق، 10 زخمی
Taftan oil tanker accident
فائل فوٹو
تفتان: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔

حادثہ تفتان کے قریب توزگی کے مقام پر پیش آیا جہاں ایک آئل ٹینکر اور مسافر گاڑی آمنے سامنے ٹکرا گئے۔

پولیس حکام کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی میں سوار کئی افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ متعدد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمر ڈار گرفتار

ایس پی چاغی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد افغان شہری تھے، جو کچے کے راستے سے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے تھے، حادثے کا شکار گاڑی میں سوار افراد تفتان کے راستے اندرون ملک جا رہے تھے کہ توزگی کے قریب یہ المناک واقعہ پیش آیا۔

ایس پی چاغی نے مزید کہا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد افغان حکام کے حوالے کیا جائے گا۔