تفصیلات کے مطابق عمر ڈار کی گرفتاری پیرس روڈ پر کی گئی جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمات میں سنائی گئی سزاؤں کیخلاف احتجاج جاری تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے پیرس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کی قیادت عمر ڈار کر رہے تھے، مظاہرین نے حکومت اور عدالتی فیصلوں کیخلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمات کو واپس لیا جائے۔
پولیس حکام کے مطابق احتجاج بغیر اجازت کیا جا رہا تھا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے عمر ڈار سمیت متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان
پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کیے گئے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان نے گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، گرفتاریوں سے عوام کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔