موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی شدت کے پیشِ نظر مسافروں اور ڈرائیورز کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
موٹروے ایم 1 پشاور سے رشکئی اور صوابی سے برہان تک بند کر دی گئی، اسی طرح موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک جبکہ موٹروے ایم 3 فیض پور سے جڑانوالہ تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔ موٹروے ایم 5 پر ملتان سے روہڑی تک گاڑیوں کا مکمل داخلہ بھی روک دیا گیا، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون بھی شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی۔
دوسری جانب گوجرانوالہ، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی دھند کے ڈیرے رہے، جس کے باعث قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان
موٹروے پولیس کے ترجمان نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سفر کی صورت میں فوگ لائٹس کے استعمال اور مناسب رفتار برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے، لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 428 تک ریکارڈ کیا گیا۔
رحیم یار خان میں اے کیو آئی 459، گوجرانوالہ میں 447 جبکہ فیصل آباد میں 434 ریکارڈ ہوا۔