ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ماڈل اسکولز اور کالجز میں موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز 26 دسمبر سے ہو گا اور تعلیمی ادارے3 جنوری بروز ہفتہ تک بند رہیں گے جبکہ 5 جنوری 2026 بروز پیر سے دوبارہ تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔
یاد رہے اس سے قبل سندھ کے سرکاری ونجی سکولوں اور کالجز میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔
محکمہ تعلیم سندھ کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی سمیت صوبہ بھر کے تعلیمی ادارے موسم سرما کی تعطیلات کے سلسلے میں 22 سے 31 دسمبر تک بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرمیڈیٹ داخلوں کا شیڈول جاری، فیس کا بھی اعلان
ترجمان نے کہا کہ یکم جنوری 2026 سے سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا تاہم ان تعطیلات کے دوران بورڈ کے ضمنی امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
قبل ازیں پنجاب حکومت بھی صوبہ بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر چکی ہے۔
صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا تھا کہ پنجاب کے تمام سکول 22 دسمبر 2025 سے 10 جنوری 2026 تک موسمِ سرما کی تعطیلات کے سلسلے میں بند رہیں گے۔
وزیر تعلیم کے مطابق یہ فیصلہ موسم کی شدت، ماہرین کی سفارشات اور والدین و اساتذہ کی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گرلز ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں مرد اساتذہ پر پابندی
سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے، بشمول پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولز، تدریسی سرگرمیوں کے لیے بند رہیں گے۔
تعطیلات کے حوالے سے نوٹیفکیشن متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ وہ اس پر عملدرآمد یقینی بنا سکیں۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ بچوں کی صحت پہلی ترجیح ہے اور موسم کی شدت کے پیشِ نظر سکولوں کی بروقت بندش ضروری تھی۔
انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ بچوں کو سخت سردی سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور تعطیلات کو مثبت سرگرمیوں کے ذریعے مفید بنائیں۔