ہم جنوری میں پاکستان جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، قاسم خان
Imran Khan Jail Conditions
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان نے والد کی موجودہ قید کے حالات کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اڈیالہ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں بھائیوں نے انٹرویو میں بتایا کہ عمران خان کا سیل کم روشنی اور محدود سہولیات کے ساتھ انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔

سلیمان خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیل میں بجلی اکثر بند ہو جاتی ہے، پانی صاف نہیں اور جیل کی موجودہ صورتحال بین الاقوامی قیدی حقوق کے معیار پر بالکل بھی پورا نہیں اترتی۔

قاسم خان نے بتایا کہ والد کی قید کا اثر خاندان پر بھی انتہائی منفی ہے، بیرون ملک بیٹھے وہ اس صورتحال کے سامنے بے بس محسوس کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن اتحاد کی فضل الرحمان کو قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت

ذہن نشین رہے کہ عمران خان کو گزشتہ دو سال سے زیادہ عرصے سے قید میں رکھا گیا ہے، جس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے کئی احتجاجی مظاہرے اور پولیس سے جھڑپیں بھی ہو چکی ہیں۔

گزشتہ ہفتے عمران خان کی بہنوں کا ایک دھرنا بھی ختم کر دیا گیا، جس میں وہ اپنے بھائی سے ملاقات کی کوشش کر رہی تھیں، آخری رسمی ملاقات 2 دسمبر کو ہوئی۔

قاسم اور سلیمان خان نے کہا کہ وہ جنوری میں پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم ویزا کی منظوری کا انتظار ہے۔ دونوں نے والد کی ملک کیلئے لگن اور قربانی کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا مقصد ذاتی خواہشات سے بڑھ کر ہے اور وہ ملک کیلئے اپنا فرض ادا کر رہے ہیں۔