سندھ: کرسمس پر مسیحی برادری کیلئے اضافی چھٹی کا اعلان
سندھ حکومت نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے لیے ایک اضافی چھٹی کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے لیے ایک اضافی چھٹی کا اعلان کردیا۔

محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن سندھ نے مسیحی برادری کے لیے اضافی چھٹی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں کرسمس کے موقع پر صرف مسیحی برادری کے لیے 25 دسمبر کو کرسمس کی چھٹی کے ساتھ 26 دسمبر 2025 کو بھی عام تعطیل ہو گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری، خودمختار اور نیم سرکاری اداروں، کارپوریشنز اور لوکل کونسل جو حکومت سندھ کے زیرانتظام ہیں میں عام تعطیل ہوگی تاہم انتہائی اہم خدمات سے وابستہ افراد اس سہولت سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔

علاوہ ازیں سندھ حکومت کی جانب سے 25 دسمبر کو یوم قائد اعظم اور کرسمس کی مناسبت سے عام تعطیل کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کا اطلاق تمام سرکاری ونیم سرکاری اداروں کیساتھ ساتھ سندھ حکومت کے تحت چلنے والی کارپوریشنز اور لوکل کونسلز پر بھی ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی پلٹ نوجوان کی شادی پر ڈالر اور درہم نچھاور

یاد رہے کہ وفاقی حکومت 25 دسمبر کو یومِ قائداعظم اور 26 دسمبر کو مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے بعد کی عام تعطیل کا پہلے ہی اعلان کر چکی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومت ہر سال کی طرح اس برس بھی 25 دسمبر کو بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولادت کے موقع پر سرکاری تعطیل منائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے پیشِ نظر 26 دسمبر کو تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر میں کرسچن ملازمین کے لیے تعطیل ہوگی تاکہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ تہوار کی سرگرمیوں میں شریک ہو سکیں۔