پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خیبرپختونخوا کے علاقے مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران خوارج کی پناہ گاہ پر مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا کہ ضلع بنوں میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید چھ فتنہ خوارج کو جہنم واصل کیا ،دونوں جگہوں پر ممکنہ طور پر چھپے کسی بھی دہشت کی تلاش اور خاتمہ کے لئے کلیئرنس و سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن "عزمِ استحکام" کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری ہیں، غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیں گے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 13 خوارج کے خاتمے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پذیرائی کی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 9 دہشتگرد جہنم واصل
صدرِ مملکت نے آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کی حفاظت اولین ترجیح ہے، دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی خیبر پختونخوا میں 13 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے بلند حوصلے اور بہترین حکمت عملی سے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے ،سکیورٹی فورسز کی جرأت مندانہ کارروائیاں لائق تحسین ہیں، سکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔