نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی سینیٹر رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ فیض حمید نے جو بھی کام کیے ،نام لےکر اور بتا کر کیے،مجھ پر ہیروئن کا کیس بنانے کے پیچھے بھی فیض حمید تھے، فیض حمید نے اپنی ترقی کیلئے سیاسی رابطے رکھے۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید کی جگہ کوئی اور بھی ہوتا تو اس کا بھی یہی حال ہوتا،فیض حمید نے سیاسی مینجمنٹ کی ، فیض حمید ذاتی ایجنڈے پر کام نہ کرتے تواس صورتحال سے دوچار نہ ہوتے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی ہونی تھی ،اس وقت پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کیا، ممکن ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیچھے بھی فیض حمید کا ہاتھ ہو، فیض حمید کو سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر سزا دی گئی ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ فیض حمید نے اپنی اتھارٹی کو سیاسی ایجنڈے کے لئے استعمال کیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کا بھی ملٹری ٹرائل ہو سکتا ہے، فیض حمید سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تو پھر ملوث لوگوں کابھی ٹرائل ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: فیض حمید کو 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی گئی
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پیغام میں کہا کہ فیض حمید کو 15مہینے کے پرا سیس کے بعد سزا سنائی گئی، ان کو آرمی کے کورٹ آف اپیلز میں جانے کا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیض حمید کو اس کے بعد آرمی چیف کے سامنے اپیل کا حق بھی حاصل ہے، فوج کے جوڈیشل پراسیس کے بعد وہ ہائیکورٹ بھی جا سکتے ہیں، انصاف کا سارا پراسیس اور ادارے ان کو میسر ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کا پانامہ پیپرز میں نام نہیں تھا، ان کا سیدھا سپریم کورٹ میں کیس شروع کیا گیا ،انور ظہیر جمالی کے بعد ثاقب نثار نے جسٹس کھوسہ کو انصاف کی مسند پہ بیٹھایا ، انہوں نے قانون کی بجائے انگریزی ناولوں کے حوالے دینے شروع کر دیے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ فیصلے میں نواز شریف کو نااہل قرا ر دیا اور وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا لیکن اس پر بھی سپریم کورٹ اور فیض ،باجوہ کی تسلی نہ ہوئی، جے آئی ٹی بنا کر نیب کے کیس بنوائے گئے اور اعجاز الاحسن کو کیس کا چوکیدار بنایا گیا،نواز شریف کو 10سال قید کی سزا سنائی گئی۔
فیض حمید صاحب کو 15مہینے کے پرا سیس کےبعد سزا سنائی گئی۔ انکو آرمی کے کورٹ آف اپیلز کو جانے کا حق ھے اسکے بعد آرمی چیف کے پاس اپیل کا حق حاصل ھے۔ فوج کے جوڈیشل پراسیس کے بعد وہ ھائ کورٹبl جا سکتے ھیں ۔انصاف کا سارا پراسیس اور ادارے انکو میسر ھیں۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) December 11, 2025
نواز شریف کا پانامہُ پیپرز میں…
خواجہ آصف نے کہا کہ فیض باجوہ کا بانی کو اقتدار میں لانے کا پراجیکٹ یہاں ختم نہ ہوا،پھر نواز شریف کی بیٹی قید ،بھائی بھتیجے سارا خاندان قید کر دیا گیا، بانی کو محفوظ کرنے کے لئے نواز شریف اور خاندان کو کمزور کرنے کا سلسلہ شروع ہوا، اس کے بعد پاکستان کی تباہی کا آغاز ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو فیض باجوہ کی اعانت میسر تھی، معیشت، دفاع اور قومی شناخت سب زوال پذیر ہوئے،عمران خان کو نجات دلانے کے لیے 9 مئی برپا کیا گیا وہ واردات فیض اور بانی کا جوائنٹ وینچر تھی جو کولیپس کر گئی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کوششیں آج بھی جاری ہیں،طالبان کی پشت پناہی، بھارت کی سر پرستی میں دہشت گردی یہ دم توڑتی سازش کے تانے بانے ہیں۔