میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی زندگی میں دو فرعون دیکھے ہیں ،ایک بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دوسرا فیض حمید، فیض حمید کو سزا تاریخی فیصلہ ہے ، فیض حمید کو سزا پیغام ہے کہ آئندہ ایسی غلطی نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید کے خلاف مزید تحقیقات اورٹرائل ہونا ہے، فیض حمید طاقت کے نشے میں اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے رہے۔
بلاول بھٹو کا عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے دور حکومت کے دوران طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مریم نواز اور فریال تالپور کو جیل میں ڈالا گیا، بانی پی ٹی آئی کو اسی زندگی میں اپنے جرائم کا حساب دینا پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیض حمید کو 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مکافات عمل کا شکار ہیں ، بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں غلط روایات ڈالیں ، پیپلزپارٹی کی 27 ویں ترمیم میں سب سےبڑی کامیابی آئینی عدالت کا قیام ہے۔
پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ گورنر راج آئینی آپشن ضرورہے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت وفاق کو گورنر راج لگانے پر مجبور کر رہی ہے ، خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق پارٹی میں فی الحال کوئی بات نہیں ہوئی۔