سہیل آفریدی کا پشاور کیلئے 100 ارب کے پیکیج کا اعلان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی دارالحکومت پشاور کے لیے 100 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پشاور میں جلسے سے خطاب کررہے ہیں (فوٹو بشکریہ سی ایم میڈیا سیل)
پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی دارالحکومت پشاور کے لیے 100 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا۔

پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پشاور کے لیے ترقیاتی پیکیج لا رہے ہیں جس میں 5 ہزار بیڈز میڈیکل کمپلیکس بھی شامل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورننس کا فقدان ہے لیکن صوبے کے عوام نے مسلسل تیسری بار عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کا موقع دیا، آئی ایم ایف نے 5300 ارب کے گھپلوں کی نشاندہی کی ہے یہ عوام کا پیسہ ہے جو ملک پر قابض لوگوں نے ہڑپ کر لیا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ 5300 ارب کوئی اپنی جیب سے نہیں لیا یہ پیسہ ہم آپ کو کھانے نہیں دیں گے، ہم صرف تنقید برائے تنقید نہیں کرتے مسائل کا حل بھی بتاتے ہیں، پاکستان کے مفاد میں جو بھی ہو گا ہم ساتھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی جلسے کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک پلان تیار

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جلسے میں موجود علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں تاریخی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں، ڈی چوک جانے کی خواہش جلد پوری ہونے والی ہے، پوری قومی قیادت کی کال کیلئے تیاری کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی پالیسی بند کمروں میں نہیں بنے گی، ایک بندہ آتا ہے ایک فیصلہ ، دوسرا بندہ دوسرا فیصلہ کرتا ہے ، تیسرا بندہ تیسرا فیصلہ کرتا ہے ، خیبر پختونخوا لیبارٹری نہیں غیور پختونوں کا صوبہ ہے ، یہاں اب پالیسی وہی چلے گی جو یہاں کے عوام چاہیں گے۔

سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ یہاں کے عوام، سیاستدان، مشران کو ساتھ بٹھا کر پالیسی بنائیں اگر نہ چلے تو پھر کہنا۔