27ویں ترمیم، پی ٹی آئی کا سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ویں ترمیم کے معاملے پر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ویں ترمیم کے معاملے پر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر علی ظفر کی جانب سے جاری کیا گیا،شوکاز نوٹس میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو سے سات روز میں تحریری وضاحت طلب کی گئی ہے، شوکاز نوٹس کی کاپی چیئرمین سینیٹ سیکرٹریٹ میں بھی جمع کرا دی گئی۔

شوکاز نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ آپ کو 27 ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کی پارٹی فیصلے کے تحت ہدایت دی گئی تھی، آپ نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 27ویں ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔

متن کے مطابق پارٹی پالیسی سے متعلق ہدایات سینیٹر تک باضابطہ طور پر پہنچائی گئی تھیں، سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی فیصلے کی خلاف ورزی دانستہ اور ارادی اقدام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی پارٹی رکنیت معطل کردی

نوٹس میں کہا گیا کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو پر پارٹی پالیسی سے انحراف پر آئین کے آرٹیکل 63 اے (1) (ب) کا اطلاق ہوتا ہے، آرٹیکل 63 اے کے تحت پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والا رکن منحرف تصور ہو سکتا ہے، عدالت عظمیٰ کی تشریح کے مطابق پارٹی کی ہدایت لازمی اور پابندِ عمل ہے۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ سات روز میں شوکاز کا جواب نہ دیا گیا تو پارٹی آپ کے خلاف تادیبی کارروائی کا حق رکھتی ہے، سیف ابڑو کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھی ارسال کیا جا سکتا ہے جبکہ نااہلی کے لیے ریفرنس بھیجنے کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔