پی ٹی آئی نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی پارٹی رکنیت معطل کردی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو پارٹی سے نکال دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو پارٹی سے نکال دیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف فردوس شمیم نقوی نے بتایا کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی پارٹی رکنیت فوری طور پر ختم کردی گئی ہے، سیف اللہ ابڑو کے خلاف پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر انضباطی کارروائی کی گئی۔

فردوس شمیم نقوی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی نشست خالی کرنے کے حوالے سے اطلاع دی جائے گی۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے سیف اللہ ابڑو کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا جس میں انہیں اگلے 72 گھنٹوں میں اپیل کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

پارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سیف اللہ ابڑو کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ پارٹی نظم و ضبط اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 27ویں ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا اور بعدازاں سینیٹ کی رکنیت چھوڑنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو کا سینیٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان

اس موقع پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے چیئرمین سینیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آج سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو رہا ہوں، مجھے آپ ڈی نوٹی فائی کر دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ میں جو فتح ہوئی وہ ہمارے لئے باعث فخر ہے ،بھارت کو شکست تسلیم کرنا پڑی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دنیا نے عزت دی ہے، پاک فوج اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وجہ سے ووٹ دیا ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، سیف اللہ ابڑو2021ء میں پی ٹی آئی ٹکٹ پر سندھ سے منتخب ہوئے تھے، سیف اللہ ابڑو کی مدت مارچ 2027ء تک تھی۔