پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو کا سینیٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ ابڑو نے سینیٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ ابڑو نے سینیٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27 ویں آئینی ترمیم ایوان میں منظوری کیلئے پیش کی۔

آئینی ترمیم ایوان میں پیش ہونے پر اپوزیشن اراکین نے ایوان میں شور شرابہ شروع کردیا، اپوزیشن نے احتجاجاً ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں، سینیٹر روبینہ ناز کے اصرار کے باوجود پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے احتجاج میں شرکت نہیں کی۔

ستائیسویں آئینی ترمیمی پیش کرنے کی تحریک پر ایوان میں ووٹنگ ہوئی تو سیف اللہ ابڑو آئینی ترمیم پیش کرنے کی تحریک کے حق میں کھڑے ہوئے، اس کے علاوہ جے یو آئی کے احمد خان بھی تحریک کے حق میں کھڑے ہو ئے۔

بعدازاں 27ویں آئینی ترمیمی بل سینیٹ میں دو تہائی اکثریت سے منظور کر لیا گیا، 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں 64 اراکین نے ووٹ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور

دریں اثناءپی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا، ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ میں آج یہاں سے اپنی نشست سے استعفیٰ دیتا ہوں، مجھے آپ ڈی نوٹی فائی کر دیں، پاک بھارت جنگ میں جو فتح ہوئی وہ ہمارے لئے باعث فخر ہے ،بھارت کو شکست تسلیم کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے فیلڈ مارشل اور پاک افواج کی وجہ سے ووٹ دیا ہے ، میں جنرل عاصم منیر کی وجہ سے ووٹ دینے آیا ہوں ،پہلے فروغ نسیم اور اب اعظم نذیر تارڑ قانون سازی کرتے ہیں، آئندہ ہماری حکومت آئے گی تو علی ظفر قانون سازی کریں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، سیف اللہ ابڑو2021ء میں پی ٹی آئی ٹکٹ پر سندھ سے منتخب ہوئے تھے، سیف اللہ ابڑو کی مدت مارچ 2027ء تک تھی۔