پی ٹی آئی ایم پی اے انور زیب کے گھر پر بم دھماکا
پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) انور زیب خان
تحصیل خار کے علاقے راغگان میں پی ٹی آئی ایم پی اے انور زیب خان کی رہائشگاہ پر بم دھماکا ہوا/ فائل فوٹو
باجوڑ (سنو نیوز): تحصیل خار کے علاقے راغگان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق صوبائی وزیر اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) انور زیب خان کی رہائشگاہ پر بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ جمعرات کی رات اس وقت ہوا جب نامعلوم افراد نے ایم پی اے انور زیب خان کے گھر کے احاطے میں بم نصب کیا۔ زور دار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ خوش قسمتی سے واقعے کے وقت ایم پی اے انور زیب خان گھر میں موجود نہیں تھے۔ دھماکے سے گھر کے بیرونی حصے کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دھرنا ختم کر دیا

ایم پی اے انور زیب خان نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ سیاسی انتقام یا علاقے میں جاری بدامنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات عوام میں عدم تحفظ پیدا کرنے کی کوشش ہیں، تاہم وہ اپنے مؤقف اور عوامی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے باجوڑ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم پی اے انورزیب خان کی رہائشگاہ پر بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کر دی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ امن و امان قائم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس قسم کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آئی جی پولیس سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی ہونے والے شخص کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔