والد محفوظ ہیں یا نہیں،عمران خان کے بیٹے نے اپیل کر دی
عمران خان کا صاحبزادہ قاسم خان
سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹے قاسم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے کہا ہے میرے والد کو گرفتار ہوئے 845 دن ہو چکے ہیں، پچھلے چھ ہفتوں سے انہیں مکمل بے خبری کے ماحول میں ڈیتھ سیل میں تنہا رکھا گیا، میں اور میرا بھائی اپنے والد سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کر سکتے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹے قاسم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عمران خان کی بہنوں کو ہر ملاقات سے روک دیا گیا، حالانکہ عدالت کے واضح احکامات موجود ہیں، کوئی فون کال نہیں، کوئی ملاقات نہیں اور زندگی کی کوئی خبر نہیں، میں اور میرا بھائی اپنے والد سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کر سکتے۔

قاسم خان کا کہنا تھا مکمل اندھیرا میرے والد کے کسی حفاظتی پروٹوکول کا حصہ نہیں، یہ ایک جان بوجھ کر کی گئی کوشش ہے تاکہ ان کی حالت کو چھپایا جائے اور ہمارے خاندان کو یہ نہ معلوم ہو سکے کہ وہ محفوظ ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور اس کے آقاؤں کو میرے والد کی حفاظت اور اس غیر انسانی تنہائی کے ہر نتیجے کی قانونی، اخلاقی اور بین الاقوامی سطح پر مکمل ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات کا معاملہ، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دھرنا دیدیا

انہوں نے کہا کہ میں عالمی برادری، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور ہر جمہوری آواز سے اپیل کرتا ہوں کہ فوری مداخلت کریں، زندگی کی تصدیق کا مطالبہ کریں، عدالت کے احکامات کے مطابق رسائی یقینی بنائیں، اس غیر انسانی تنہائی کو ختم کریں اور پاکستان کے سب سے مقبول سیاسی رہنما کی رہائی کا مطالبہ کریں۔