27ویں آئینی ترمیم وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج
27th Constitutional Amendment
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی آئینی عدالت میں 27ویں آئینی ترمیم کو ایڈووکیٹ شعیب گھمن نے چیلنج کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی آئینی عدالت میں 27 ویں آئینی ترمیم کو چینلج کر دیا گیا، یہ درخواست شعیب گھمن ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ یہ ترمیم بدنیتی پر مبنی ہے اور عوام کے مفاد عامہ میں نہیں کی گئی، اس لیے اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ 27ویں آئینی ترمیم کا تعلق زیر التوا عام سائلین کے 25 لاکھ مقدمات سے نہیں ہے اور یہ ترمیم عوام کیلئے متوازی نظام انصاف فراہم کرنے کیلئے مؤثر نہیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ترمیم کو مفاد عامہ کے برعکس قرار دیتے ہوئے ختم کیا جائے تاکہ عوام کے حقوق محفوظ رہیں۔

درخواست میں وفاق، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو فریق بنایا گیا ہے تاکہ متعلقہ ادارے بھی اس معاملے میں عدالت میں پیش ہو کر اپنی وضاحت دے سکیں۔

ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کیخلاف دائر یہ چیلنج عدالتی کارروائی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ اس سے عدالت کو موقع ملے گا کہ وہ عوامی مفاد اور قانونی تقاضوں کے پیش نظر آئینی ترامیم کی جائزیت کا فیصلہ کرے۔

یہ بھی پڑھیں:اڈیالہ جیل میں عمران خان سے آج کون کون ملاقات کرے گا؟

اب وفاقی آئینی عدالت سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ درخواست کی سماعت کے بعد ترمیم کی قانونی حیثیت اور عوامی مفاد سے مطابقت کا جائزہ لے گی اور آئینی تحفظات کے تناظر میں فیصلہ صادر کرے گی۔

عوام اور سیاسی حلقے اس کیس کو توجہ سے دیکھ رہے ہیں، کیونکہ اس کا اثر آئندہ قانون سازی اور عدالتی فیصلوں پر بھی  پڑ سکتا ہے۔