غیر قانونی بھرتیوں کا کیس، پرویز الہٰی کو عارضی ریلیف مل گیا
پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کو عارضی ریلیف مل گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کو عارضی ریلیف مل گیا۔

لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ کی سماعت ہوئی۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے پرویز الہٰی کو دیگر کیخلاف کیس کی سماعت کی، مقدمہ میں نامزد سابق سیکرٹری ٹو چیف منسٹر محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔

دوران سماعت سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی عدالت پیش نہ ہوئے جبکہ ان کے وکلاء کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کر لیے جبکہ چودھری پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس، پرویز الہٰی کے وکیل نےعدالتی معاونت کیلئے مہلت مانگ لی

بعدازاں عدالت نے رہنما تحریک انصاف و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور دیگر ملزمان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی مزید سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں بھی عدالت نے پرویز الہٰی کے وکیل سے معاونت طلب کی ہے جبکہ عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس پر مزید کارروائی 18 دسمبر تک ملتوی کر رکھی ہے۔