27 ویں آئینی ترمیم کے تحت ان کی سبکدوشی کے ساتھ ہی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کا عہدہ بھی ختم ہوگیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا 3 سال عہدے پر رہنے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک فوج میں 40 سالہ شاندار عسکری خدمات مکمل کیں۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اِنٹر سروسز فورم تھا جو تینوں مسلح افواج کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کےلیے کام کرتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تعاون جاری رکھا جائیگا: فیلڈ مارشل
پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کردہ 27 ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا جبکہ آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے اعزاز میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں منعقد کی گئی الوادعی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ہمارے ارد گرد کی دنیا ایک ناقابل تصور رفتار سے تبدیل ہو رہی ہے، اس تبدیلی سے ہماری اندرونی اور بیرونی آزمائشوں پر گہرے اثرات مرتّب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اثرات ہائبرڈ محاذ آرائی سے لے کر جنگ تک محیط ہیں، ان حالات میں ہماری مسلح افواج کو زیادہ ہم آہنگی، مشترکہ تعاون اور یکسوئی کے ساتھ تیار رہنا ہوگا، مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی، مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کو اہم ضرورت سمجھتا ہوں ناکہ ایک خواہش۔