ملک کا پہلا سرکاری موبائل فون تیار
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نے سرکاری ڈیٹا اور ریکارڈ کو محفوظ بنانے کیلئے ملک کا پہلا سرکاری موبائل فون تیار کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نے سرکاری ڈیٹا اور ریکارڈ کو محفوظ بنانے کیلئے ملک کا پہلا سرکاری موبائل فون تیار کر لیا۔

ابتدائی مرحلے میں یہ موبائل فون وفاقی وزارتوں کے افسران اور کیڈر سروس کے اہلکاروں کو فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ باہمی رابطہ اور سرکاری امور جدید اور محفوظ طریقے سے انجام دے سکیں، مذکورہ فون کے زریعے افسران ایک دوسرے سے رابطے رکھیں گے اور دفتری امور انجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے سیلونز کے کرایوں میں بڑی کمی کر دی گئی

یہ موبائل فون نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) نے تیار کیا، جو سرکاری انٹرنیٹ سروس اور ای آفس سسٹم کے ذریعے کام کرے گا۔ این ٹی سی کے مطابق فون میں ڈیٹا سکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، جبکہ اس میں موجود سروس اور انٹرنیٹ کا ڈیٹا ڈیوائس کے اندر ہی محفوظ رہے گا جو کسی بیرونی ذریعے پر ٹرانسفر نہیں کیا جا سکے گا۔

این ٹی سی کا کہنا ہے کہ موبائل فون کے تمام فیچرز اور پرزے ملک میں ہی تیار کئے گئے ہیں، منصوبے کے تحت یہ سروس بتدریج دیگر سرکاری محکموں اور صوبائی حکومتوں تک بڑھائی جائے گی، فون کی متوقع قیمت 60 سے 70 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، پائلٹ منصوبے پر جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔