اپنی زمین اپنا گھر پروگرام کا آغاز، میاں نواز شریف کے ہاتھوں افتتاح
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 'اپنی زمین، اپنا گھر' پروگرام کی قرعہ اندازی کا آغاز کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 'اپنی زمین، اپنا گھر' پروگرام کی قرعہ اندازی کا آغاز کردیا۔

لیگی قائد محمد نواز شریف نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی درخواست پر بٹن دبا کر"اپنی زمین، اپناگھر" پراجیکٹ کا ڈیجیٹل افتتاح کیا اور پراجیکٹ کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اٹک کی خاتون رخسانہ بی بی کو خود فون کرکے پلاٹ نکلنے پر مبارکباد پیش کی، لیگی صدر میاں نواز شریف نے خاتون سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ مبارک ہو،قرعہ اندازی میں آپ کا مفت پلاٹ نکل آیا ہے، رخسانہ بی بی نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ڈھیروں دعائیں دیں۔

مریم نواز نے قرعہ اندازی میں بہاولپور کی تحصیل منڈی یزمان کی میرومائی کا پلاٹ نکلنے پر فون کیا اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف سے بات کرائی، میرو مائی کے شوہر رمیش لال قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا فون آنے پر خوشی سے نہال ہو گئے۔

میاں نواز شریف نے رمیش لال سے گفتگو کرتے ہوئے پوچھا"مجھے جانتے ہیں؟ جس پر رمیش لال نے جواب دیا کہ پوچھنے کی بات نہیں، آپ ہمارے سب سے بڑے قومی لیڈر ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کا”اپنی زمین، اپنا گھر“پراجیکٹ کی قرعہ اندازی کے لئے تشریف لانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، تین مرلہ کا پلاٹ حاصل کرنے والے شہریوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، تین مرلہ کا مفت پلاٹ حاصل کرنے والے گھر بنانے کے لئے 15لاکھ قرض حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 15 لاکھ قرض نو سال میں 14ہزار روپے ماہانہ آسان قسط میں ادا کرنا ہے، کھوکھلے نعرے نہیں وعدوں کی حقیقی تعبیر پیش کر رہے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے "اپنی زمین، اپنا گھر" پر وزیراعلیٰ مریم نواز اور میاں نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

بریفنگ میں بتایاگیا کہ پنجاب بھر کے 19اضلاع کی 23ہاؤسنگ سکیموں میں 2ہزار افراد کو رہائشی پلاٹ مل گئے ہیں، جہلم میں 730، قصور میں 388، فیصل آباد میں 257 ، اور لودھراں میں 219 نادار افراد کو پلاٹ دیے گئے۔

بلال یاسین کا کہنا تھا کہ ضلع اوکاڑہ کے 130، لیہ کے 55 ، بھکر کے 52 ، ساہیوال کے 33 اور سرگودھا کے 25 افراد کو پہلے مرحلے میں پلاٹ ملے، ضلع خوشاب میں 24،بہاولنگر20، منڈی بہاؤالدین 17، راجن پور میں 15 اور اٹک میں 11 خوش نصیب پلاٹ کے حقدار قرار پائے۔

اسی طرح ضلع گجرات میں 8 ، بہاولپور میں 7 ، جھنگ اور وہاڑی میں چار چار اور چنیوٹ کے 2 درخواست دہندگان کو پلاٹ مل گئے۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ اپنی زمین، اپنا گھر پروگرام میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے فول پروف طریقہ کار اپنا یا گیا ہے، پروگرام میں اب تک 4 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد نے رجسٹریشن کرالی ہے ، پہلے فیز کے لئے2 لاکھ 57ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپنی زمین، اپناگھر پروگرام کے لئے اپلائی کرنے والوں کی نادرار ڈسٹرکٹ فیلڈ سٹاف کے ذریعے سکریننگ اور تصدیق کرائی گئی، ڈسٹرکٹ اسکروٹنی کمیٹی نے 18 ہزار 308 درخواست دہندگان کو قرعہ اندازی کا اہل قرار دیا۔ 

سکیم میں رجسٹریشن کیلئے اپنی زمین اپنا گھر کی آفیشل ویب سائٹ azag.punjab.gov.pk وزٹ کریں۔