اس پروگرام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
یہ فیصلہ ریاض میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کے درمیان اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اپنی وزارتِ داخلہ کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے پر بات چیت کی اور جاری سکیورٹی تعاون کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اتفاق کیا کہ پاکستان – سعودی عرب وزارتِ داخلہ ورکنگ گروپ کا اگلا اجلاس آئندہ ماہ منعقد ہوگا تاکہ نئے طے پانے والے اقدامات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ شہزادہ عبدالعزیز نے پشاور میں فیڈرل کنسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر حالیہ حملے پر تعزیت کی اور شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی ائیر شو حادثہ: آرمینیا نے بھارتی طیارے تیجس کی خریداری معطل کر دی
دونوں فریقوں نے سعودی عرب میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کی قانونی حیثیت پر بھی بات چیت کی۔ محسن نقوی نے سعودی عرب کو پاکستانیوں کا دوسرا گھر قرار دیا اور دونوں ممالک کے گہرے تعلقات پر زور دیا۔
وزیرِ داخلہ خطے کے دورے پر ہیں اور اس سے قبل انہوں نے قطر کے وزیرِ داخلہ، شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون، منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کوششوں اور ساحلی سکیورٹی یونٹس کے درمیان بہتر ہم آہنگی پر گفتگو کی۔
محسن نقوی نے اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی میں جدید فائرنگ رینج قائم کرنے میں مدد پر قطر کا شکریہ ادا کیا اور قطری وزیر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔