ہونہار طلبہ کے لیے خصوصی سکالرشپ فنڈ کا اعلان
Balochistan scholarship fund
فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) آئی جی فرنٹیئر کور بلوچستان ساؤتھ نے ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی سکالرشپ فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر انہوں نے تربت لا کالج کا خصوصی دورہ کیا اور کالج کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔

دورے کے دوران طلبہ نے بلوچستان کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم وہ نسل ہیں جس کا بلوچستان طویل عرصے سے انتظار کر رہا تھا۔

اس موقعہ پر طلبہ نے کورٹ پروسیڈنگ کے ذریعے وکالت کے شعبے میں پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا، جسے آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ نے سراہا۔

آئی جی نے طلبہ سے کہا کہ وہ وکالت کے مقدس پیشے کے ذریعے عوامی خدمت اور انصاف کی فراہمی کو اپنا شعار بنائیں، ہونہار طلبہ کیلئے خصوصی سکالرشپ فنڈ کے قیام کے ساتھ ساتھ کالج میں سولرائزیشن کے منصوبے کیلئے حکومت بلوچستان سے معاونت کی بھی یقین دہانی کروائی۔

یہ بھی پڑھیں:نادرا نے عوام کیلئے بڑی سہولت متعارف کرا دی

اس موقع پر فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے FC بلوچستان ساؤتھ کے امن اور ترقی کے فروغ میں کردار کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تعلیم کے ذریعے بلوچستان کے روشن مستقبل میں حصہ ڈالیں گے۔

یہ سکالرشپ فنڈ ہونہار طلبہ کی تعلیم اور تربیت کے فروغ کیلئے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے بلوچستان میں تعلیمی معیار بلند کرنے اور نوجوانوں میں مثبت سوچ کے فروغ میں مدد ملے گی۔