محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کے پیدا ہونے کے امکانات ہیں، جو صبح اور رات کے وقت شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ شمالی علاقوں میں اگلے چند دنوں کے دوران دن اور رات کے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو ملک کے سرد ترین علاقوں میں شامل ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران صوبے میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی کا گریٹر پلان 2047 سب سے بڑا امتحان کیوں؟
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں موسلا دھار بارشیں جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان بھی ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے پورے دسمبر میں جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں اور زراعت سے وابستہ افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور برف باری کے دوران احتیاط ضروری ہوگی۔