آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، سیکیورٹی فورسز نے خارجیوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس میں 22 خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے کو بھارتی سپانسرڈ خارجی دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں، غیر ملکی سپانسرڈ دہشت گردی اور اس کی حمایت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ،تین اہلکار شہید
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آصف علی زردای نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے بائیس حملہ آوروں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور موثر ردعمل کو سراہا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے تحت جاری کاؤنٹر ٹیررازم مہم میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عزم قابلِ ستائش ہے، بھارتی پشت پناہی میں سرگرم خوارج کا قلع قمع ریاست کی اولین ترجیح ہے، شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنوں میں فتنۂ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ آپریشن میں 22 خارجیوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی شاندار کارکردگی کی عکاسی ہے، دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز مسلسل اہم کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمارا عزم مصمم ہے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی ادارے بھرپور ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔