ذرائع کے مطابق این اے 18 ہری پور کے 145 پولنگ سٹیشنز کے نتائج آر او آفس کو موصول ہو گئے، آر او آفس مں فارم 45 کے نتائج آر ایم ایس سسٹم پر ڈالنے کا عمل جاری ہے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز خان 39 ہزار 527 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب کا 25 ہزار 564 ووٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور کے ضمنی الیکشن میں 9 امیدوار مدمقابل ہیں۔
پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب ، لیگی امیدوار بابر نواز خان اور پیپلزپارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جبکہ این اے 18 میں 6 آزاد امیدوار بھی ضمنی انتخاب کے میدان میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 129، ن لیگ اور پی ٹی آئی حمایت امیدوار میں کانٹے کا مقابلہ
قومی اسمبلی کے این اے 18 میں 7 لاکھ 53 ہزار 944 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، این اے 18 میں مجموعی طور پر 602 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ این اے 18 کی نشست رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، عدالت کی جانب سے عمر ایوب کو 9 مئی ہنگامہ آرائی کیس میں سزا سنائی گئی تھی۔