این اے 129 ضمنی الیکشن: ن لیگ اور پی ٹی آئی حمایت امیدوار میں کانٹے کا مقابلہ
صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 کے ضمنی الیکشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 کے ضمنی الیکشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 کے 334 میں سے 181 پولنگ سٹیشنز کے نتائج سامنے آگئے۔

اب تک کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگی امیدوار حافظ میاں محمد نعمان 34 ہزار 771  ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 15 ہزار 699 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

آر او آفس کے مطابق 122 پولنگ اسٹیشنز کے رزلٹ کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، 122 پولنگ سٹیشن میں ٹرن آؤٹ 7.21فیصد رہا۔

واضح رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے حافظ میاں محمد نعمان کو میدان میں اتارا ہے جبکہ تحریک انصاف کے حمایت آزاد امیدوار ارسلان احمد اور معروف ٹرانسپورٹر بجاش خان نیازی سمیت 17 امیدوار میدان میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات: پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور میں کل 5 لاکھ 58 ہزار 364 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار 339 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار 25 ہے، یہ حلقہ سمن آباد، گلشن راوی، بابو صابو، بکر منڈی، چوبرجی، پونچھ روڈ،کچا فیروز پور روڈ، سبزہ زار ، اقبال ٹاؤن اور جی آر او ٹو سمیت دیگر علاقوں پر مشتمل ہے۔ 

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں حماد اظہر کے والد میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔