ضمنی انتخابات: پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے 13 قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے 13 قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا جبکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے سے ہوا جو کہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا ، اس موقع پر انتخابی حلقوں میں گہما گہمی دیکھنے میں آئی جبکہ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ای سی پی کی جانب سے پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور ٹھیک پانچ بجے تمام پولنگ سٹیشنز کر دروازے بند کر دیے گئے، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ سٹیشن میں کسی بھی شخص کو داخل ہونے سے روک دیا گیا جبکہ پولنگ سٹیشن کے اندر موجود ووٹرز کو ووٹ پول کرنے کی اجازت دی گئی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام حلقوں میں پولنگ کا عمل پر امن طریقے سے جاری رہا، کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، کوئی بڑی شکایت بھی الیکشن کمیشن کے مرکزی مانیٹرنگ روم کو موصول نہیں ہوئی، پنجاب سے چند چھوٹی شکایات موصول ہوئیں جن کا بروقت ازالہ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ ضمنی انتخاب کے سلسلے میں 2 ہزار 792 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 408 انتہائی حساس اور 1032 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا ہے کہ پنجاب کے 13 قومی و صوبائی حلقوں میں سکیورٹی پر 20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کُل 939 مرد ، 889 خواتین ، 964 مشترکہ پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز اور عملے کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔