پی ٹی آئی کی انتخابات میں دھاندلی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
PTI election fraud case
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عام انتخابات میں دھاندلی کیخلاف دائر درخواست کی سماعت وفاقی آئینی عدالت میں مقرر کر دی گئی۔

چیف جسٹس امین الدین خان نے اس معاملے کی سماعت کیلئے 5 رکنی لارجر بنچ تشکیل دیا ہے، جو 25 نومبر کو درخواست پر غور کرے گا۔

ذرائع کے مطابق لارجر بنچ کی سربراہی جسٹس عامر فاروق کریں گے اور بنچ میں دیگر چار سینئر ججز بھی شامل ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سپریم کورٹ میں یہ درخواست دائر کی تھی تاکہ الیکشن کمیشن کی تشکیل اور انتخابات کے شفاف انعقاد سے متعلق قانونی رائے حاصل کی جا سکے۔

واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد تحریک انصاف کی درخواست آئینی عدالت میں منتقل کر دی گئی تھی، جس کے بعد یہ معاملہ اب وفاقی آئینی عدالت کے دائرہ کار میں آ گیا ہے۔

عدالت کی جانب سے اس کیس کی سماعت اہم اس لیے بھی ہے کہ اس میں انتخابات میں ممکنہ بے ضابطگیوں اور قانونی نکات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرلیا

قانونی ماہرین کے مطابق اس سماعت کے نتائج نہ صرف پی ٹی آئی کے موقف کیلئے بلکہ پاکستان میں آئندہ انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

سیاسی حلقوں میں اس کیس کو بڑے توجہ کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف پارٹی کی سیاسی ساکھ بلکہ پورے انتخابی نظام کی شفافیت پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

انتظار کیا جا رہا ہے کہ 25 نومبر کو ہونے والی سماعت کے بعد عدالت اس اہم معاملے پر اپنا فیصلہ یا ہدایات جاری کرے۔