مظفر گڑھ پی پی 269 میں پولنگ کا عمل رک گیا
Muzaffargarh PP-269 polling
فائل فوٹو
مظفرگڑھ: (ویب ڈیسک) مظفرگڑھ کے حلقہ پی پی 269 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 103 پر امیدواروں کے حامیوں کے درمیان جھگڑے کے باعث پولنگ وقتی طور پر روکنی پڑ گئی۔

واقعہ پولنگ اسٹیشن پر 300 بیلٹ پیپرز کی کمی کے باعث پیش آیا، جس پر پیپلز پارٹی کے امیدوار علمدار قریشی اور آزاد امیدوار اقبال پتافی کے حامیوں میں تلخ کلامی ہوئی۔

ذرائع کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 103 پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 ہزار 300 تھی، تاہم بیلٹ پیپرز کی کمی کے باعث ووٹرز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جھگڑے کے بعد پولنگ چند منٹوں کیلئے روک دی گئی تاکہ صورتحال کو قابو میں لایا جا سکے۔

بعد ازاں پولنگ اسٹیشن کرم داد پر پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمیشن حکام نے تصدیق کی ہے کہ پولنگ اسٹیشن کرم داد پر پولنگ معمولی توقف کے بعد دوبارہ جاری ہے اور تمام انتظامات مکمل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہری پور ضمنی الیکشن: ن لیگی امیدوار کیخلاف بڑا ایکشن

سابقہ انتخابات کی طرح اس بار بھی پولنگ کے دوران ایسے چھوٹے واقعات انتخابی عمل کی شفافیت کیلئے چیلنج بنتے ہیں، تاہم حکام کے بروقت اقدامات سے صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔

انتخابی حلقوں کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی کمی جیسے مسائل عوام میں الجھن پیدا کر سکتے ہیں، لیکن انتظامیہ کی فوری کارروائی سے پولنگ عمل میں دیر نہیں ہوئی اور ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملا۔