پاکستانی ملازمت ویزا ہولڈرز کے لیے خوشخبری
jobs visas
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی نےہدایت کی ہے کہ ملازمت ویزا رکھنے والے افراد کے لیے نئے پروٹیکٹر دفاتر کھولے جائیں۔

کمیٹی نے پروٹیکٹر سروسز کو شناختی تصدیق بہتر بنانے اور ایجنٹس پر انحصار کم کرنے کے لیے نادرا اور دیگر سرکاری پلیٹ فارمز کے ساتھ مکمل ڈیجیٹل انضمام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

کمیٹی کے چیئرمین سید رفیع اللہ نے گزشتہ ہدایات کا جائزہ لیا اور وزارتِ سمندر پار پاکستانی، بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اور وزارتِ خارجہ سے پیش رفت رپورٹ حاصل کی۔

حکام نے بتایا کہ نئے پروٹیکٹر دفاتر کی منظوری جاری ہے لیکن بجٹ اور عملے کی کمی کے مسائل درپیش ہیں۔ کمیٹی نے ان تاخیر کو مسترد کرتے ہوئے وزارتوں کو ہدایت کی کہ سال کے اختتام سے قبل یہ دفاتر فعال کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کیا رجحان رہا؟ جانیے

اراکین نے ای پروٹیکٹر سسٹم کے تیز تر نفاذ پر بھی زور دیا۔ حکام کے مطابق اب تک تقریباً 60,000 صارفین اس پلیٹ فارم کو استعمال کر چکے ہیں۔ کمیٹی نے وزارتوں پر زور دیا کہ ایس ایم ایس الرٹس، سوشل میڈیا اپڈیٹس اور مقامی آگاہی کے ذریعے عوامی معلومات میں اضافہ کریں تاکہ بیرونِ ملک جانے والے افراد بغیر کسی ایجنٹ کے یہ سسٹم استعمال کر سکیں۔

کمیٹی نے بہتر احتساب کی ضرورت پر زور دیا جس میں آن لائن سروس ٹریکنگ، قابل تصدیق ادائیگی کی رسیدیں اور بروقت شکایات کے ازالے کا نظام شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تمام فیسیں باضابطہ بینکنگ چینلز اور منظور شدہ ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹمز کے ذریعے ہی جمع کی جائیں تاکہ مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔