فیصل آباد: بوائلر پھٹنے سے دھماکے، 12 افراد جاں بحق
کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکا
فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری کے اندر بوائلر پھٹنے سے دھماکا ہوا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری کے اندر بوائلر پھٹنے سے دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

فیصل آباد میں افسوسناک واقعہ ملک پور کینال روڈ پر پیش آیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ فیکٹری کے اطراف میں موجود کئی گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔ دھماکے کے باعث فیکٹری سے ملحقہ ایک گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے دو بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ مجموعی طور جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے 2 خواتین، 2 بزرگ اور فیکٹری ملازم شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مختلف علاقوں میں عارضی بجلی معطلی کا شیڈول جاری

علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے لاشوں کو نکالا۔ ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید افراد بھی ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں، جس کے پیشِ نظر سرچ آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔