ہری پور میں ضمنی انتخاب پر 3 روزہ تعطیلات کا اعلان
ضمنی انتخابات
این اے 18 میں ضمنی انتخاب 23 نومبر بروز اتوار منعقد ہوگا/فائل فوٹو
ہری پور (ویب ڈیسک): ہری پور میں ضمنی انتخاب کے باعث سکیورٹی خدشات اور انتظامی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تین روزہ تعطیلات کا اعلان کر دیا۔

 

ضلعی انتظامیہ کے مطابق این اے 18 میں ضمنی انتخاب 23 نومبر بروز اتوار منعقد ہوگا، جس کے پیش نظر پُرامن ماحول یقینی بنانے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انتخابی کارروائی کے دوران کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے 22 نومبر (ہفتہ) اور 24 نومبر (پیر) کو بھی سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق، جن اسکولز کی عمارتوں کو الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشن کے طور پر استعمال کیا جائے گا، انہیں خالی کرانا ضروری ہے تاکہ سکیورٹی فورسز، پولنگ اسٹاف اور دیگر انتخابی سامان کی بروقت منتقلی ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ، ووٹنگ کے دن امن و امان برقرار رکھنے کے لیے شہر کے حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی، جبکہ ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی رہنماؤں کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ انتخابی حلقے کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چند روز سے انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے، جلسوں، ریلیوں اور کارنر میٹنگز کے باعث رش بڑھ گیا ہے۔ اسی وجہ سے انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اسکولوں کی بندش اور تین روزہ تعطیل سے ماحول نسبتاً کنٹرول میں رہے گا اور سکیورٹی اداروں کے لیے اپنی ذمہ داریاں بہتر طور پر سر انجام دینا ممکن ہوگا۔

دوسری جانب ملک کے دیگر حصوں میں موسمی حالات کے باعث بھی اسکولوں کی تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے سرد علاقوں میں سخت موسم سرما کی آمد کے پیش نظر سرکاری اسکول 16 دسمبر سے ڈھائی ماہ کے لیے بند رہیں گے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت میں شدید کمی کے باعث سالانہ طور پر طویل سردیوں کی چھٹیاں دی جاتی ہیں تاکہ طلبہ کو سردی سے تحفظ مل سکے۔

اسی طرح پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں اسکول 23 دسمبر 2025 سے 11 جنوری 2026 تک بند رہیں گے، جبکہ 13 جنوری 2026 کو تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہوں گی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق یہ فیصلہ موسم کی شدت اور اسموگ کے بڑھتے ہوئے اثرات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔