وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائنز کے امور پر اہم اجلاس ہوا جس میں شرکاء کو پی آئی اے کی نجکاری اور اس حوالے سے بزنس پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے 4 پارٹیز کو پری کوالیفائی کیا گیا ہے، جلد ہی پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بڈنگ ہو گی ، پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری ہو گی۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ نجکاری کے حوالے سے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کا نام اور اس کی تھیم نہیں بدلی جائے گی ، بزنس پلان کے تحت 2029 میں پی آئی اے فلیٹ میں قابل پرواز طیاروں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 38 کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کے گورننس کی بہتری کے لئے مطالبات سامنے آگئے
اس وقت قومی ایئر لائن 30 سے زائد شہروں میں سروس مہیا کر رہی ہے ، نئے بزنس پلان کے تحت 2029 تک پی آئی اے کی سروسز 40 سے زائد شہروں تک بڑھائی جائیں گی۔
وزیراعظم نے پی آئی اے کی فلیٹ میں قابل پرواز طیاروں کی تعداد بڑھانے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینے ، پی آئی اے کی پروازوں کی بروقت روانگی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران شریک تھے۔