پنجاب حکومت نے محنت کش طبقے کی فلاح کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے شادی اور وفات کے گرانٹس میں نمایاں اضافہ کردیا ہے تاکہ مزدور خاندانوں کو خوشی اور غم دونوں مواقع پر بہتر مالی سہارا مل سکے۔
تفصیلات کے مطابق شادی گرانٹ جو مزدوروں کے بچوں کی شادی کے لیے فراہم کی جاتی ہے چار لاکھ روپے سے بڑھا کر چھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے یعنی دو لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور بورڈ: میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری
اس طرح وفات گرانٹ بھی آٹھ لاکھ روپے سے بڑھا کر دس لاکھ روپے کر دی گئی ہے جس سے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ کو فوری مالی مدد میسر ہوگی۔ سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت کا مقصد محنت کشوں کو عملی اور موثر مدد فراہم کرنا ہے۔
محکمہ محنت کے مطابق یہ نئی گرانٹس صوبائی لیبر ویلفیئر سسٹم میں رجسٹرڈ تمام اہل مزدروں پر لاگو ہوں گی جبکہ گرانٹس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہے۔