پی ٹی آئی رہنما موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے زخمی
PTI leader shot
فائل فوٹو
ایبٹ آباد: (ویب ڈیسک) تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے میں فائرنگ کا سنگین واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پی ٹی آئی ایبٹ آباد کے مقامی رہنما زر خان پر اچانک فائرنگ کر دی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ سکستھ روڈ فلائی اوور کے قریب پیش آیا جہاں دو ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ ملزمان نے قریب آتے ہی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں زر خان کو 3 گولیاں لگیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمی رہنما کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زر خان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے تاہم وہ ابھی زیرِ علاج ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ لیتے ہوئے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق زخمی زر خان نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ فائرنگ خاندانی دشمنی کے باعث کی گئی، ملزمان کے ساتھ ان کے خاندان کی پرانی رنجش چلی آ رہی ہے اور اس دشمنی میں پہلے بھی دونوں جانب سے کئی افراد قتل ہو چکے ہیں۔ پولیس نے زر خان کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کا معاملہ، پی ٹی آئی کا احتجاج پر غور

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جلد ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

دوسری جانب اس افسوسناک واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ مقامی رہنماؤں نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ پولیس مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز اور شواہد کی بنیاد پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔