سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات بارے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
درخواست میں سیکرٹری وزارت داخلہ، سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرنا ہمارا آئینی حق ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے رواں برس مارچ میں وکلاء اور نامزد کردہ افراد کی بانی سے ملاقات کرانے کا حکم دیا۔
درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بعد میں اپنے ہی حکم پر عمل درآمد نہیں کرایا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی زبانی یقین دہانی کو تسلیم کیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہماری درخواست بغیر عمل درآمد کرائے نمٹا دی۔
یہ بھی پڑھیں: جلاؤ گھیراؤ کیس، عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت منظور
عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 23 اکتوبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد کئی بار اڈیالہ جیل جا چکے ہیں لیکن تاحال ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو سکی جس پر انہوں نے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔