آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 54 اراکین میں سے 44 ارکان ایوان میں حاضر ہوئے، ووٹنگ کے دوران 36 اراکین نے تحریک عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ دو اراکین نے مخالفت کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے راجہ فیصل ممتاز راٹھور سولہویں وزیراعظم آزادکشمیر منتخب ہو گئے، مسلم لیگ ن کے 9 ارکان نے بھی راجہ فیصل ممتاز راٹھورکی حمایت میں ووٹ دیا، اوپن رائے شماری کے ذریعے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔
نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی تقریب حلف برداری کل منعقد ہو گی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بھی تقریب حلف برداری میں شرکت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کو استعفیٰ دینے کا پیغام بھجوایا گیا تھا تاہم انہوں نے مستعفی ہونے سے انکار کیا تھا ، جس پر پی پی پی کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی۔
تحریک عدم اعتماد سردار جاوید ایوب، چودھری قاسم مجید نے دیگر کے ہمراہ جمع کرائی، پیپلزپارٹی کی جانب سے تحریک عدم اعتماد میں متبادل قائد ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام تجویز کیا گیا۔
یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے گزشتہ ماہ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری دی تھی۔