وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد قانون ساز اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
فائل فوٹو
مظفرآباد: (سنو نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد قانون ساز اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوار الحق کی تبدیلی کے لیے تحریک عدم اعتماد جمع کروا ئی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار جاوید ایوب،علی شان سونی،چودھری قاسم مجید اور ملک ظفر رفیق نیئر نے تحریک عدم اعتماد سپشل سیکرٹری قانون ساز اسمبلی کے پاس جمع کروائی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے سکسیسر کے طور پر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو نامزد کیا ہے، آزادکشمیر کے آرٹیکل 18 کے ذیلی آرٹیکل 4 کے تحت تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے 3 دن بعد اور 7 دن کے اند سیکرٹری اسمبلی فہرست کارروائی میں نوٹس شامل کرنے کا پابند ہو گا۔

قانون ساز اسمبلی کے قواعد انضباط کار کے تحت فہرست کارروائی میں شامل ہونے کے بعد سپیکر اسمبلی پابند ہوگا کہ آئین کے آرٹیکل 18 کے تابع رائے شماری کیلئے دن مقرر کرے، مقرر شدہ دن کو اسمبلی اجلاس اس وقت تک ملتوی نہیں کیا جا سکتا جب تک مذکور ہ قرارداد پر رائے شماری نہ ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف عدم اعتماد لانے پر متفق

واضح رہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہوجاتی ہے تو اس صورت میں آئندہ 6 ماہ تک دوبارہ تحریک عدم اعتماد نہیں لائی جاسکے گی۔

یاد رہے کہ 25 اکتوبر کی شب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا متفقہ فیصلہ ہوا تھا۔

پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد لانے کیلئے نمبر گیم پوری ہو چکی ہے۔